ڈائیورٹیکولوسیس(عطفیت) کیا ہے؟

ڈائیورٹیکولوسیس(عطفیت) کیا ہے؟

ہمارے نظام انہضام کے مسائل مختلف انواع و اقسام کی علامات کی شکل میں انسان کو اپنی گرفت میں لے سکتے ہیں۔ ڈائیورٹیکولوسیس بھی انہیں مسائل میں سے ایک ہے جو زندگی میں انسان کو بارہا موقعوں پر پریشان کر سکتا ہے۔ لہذا اس کی علامات کی مکمل سمجھ بوجھ ہی اس مسئلے کے جلدی حل کا ایک ذریعہ ہو سکتی ہے۔ ڈائیورٹیکولر ڈیزیز میں ڈائیورٹیکولوسیس اور ڈائیورٹیکولائیٹس دونوں شامل ہیں۔ ڈائیورٹیکولم یا عطفہ ہماری بڑی آنت کے آخری حصے میں قبض یا گیس کے مسئلے کے باعث پریشر کے بڑھنے سے بنتا ہے۔ ایکسرے یا دوسری تشخیصی فلموں پر یہ آنت میں موجود چھوٹی تھیلی کی طرح دکھائی دیتا ہے۔ 
 
عموما یہ بیماری کوئی علامات ظاہر نہیں کرتی اور انسان کسی تشخیصی ٹیسٹ پر پتہ لگنے تک لا علمی میں ہی رہتا ہے۔ روایتی طور پر سی۔ٹی۔سکین یا کلونوسکوپی کے ذریعے ڈائیورٹیکولوسز کا پتہ لگایا جاتا ہے۔ مگر بعض افراد میں یہ بیماری الٹیاں، متلی، پیٹ میں درد، پیٹ میں مروڑ، بخار اور جسم میں کپکپاہٹ اور ٹھنڈ کے احساس جیسی علامات کے ساتھ ظاہر ہوتی ہے۔ ان علامات کی ذیادہ تر وجہ ڈائیورٹیکولم میں پیدا ہونے والی سوزش ہوتی ہے جسے ڈائیورٹیکولائیٹس کہا جاتا ہے۔ یہ سوزش عطفے میں غیر ہضم شدہ خوراک کے پھسنے سے جنم لیتی ہے۔ 
 
ڈائیورٹیکولائیٹس کی علامات ہی انسان کو ڈاکٹر سے مشورہ کرنے میں تاخیر سے بچا لیتی ہیں اور اسی موقع علاج شروع کیا جا سکتا ہے۔ اس کا علاج عموما اینٹی بائیوٹک کی شکل میں کیا جاتا ہے جنہیں بیماری کی شدت کے اعتبار سے منہ کے ذریعے یا بذریعہ خون دیا جا سکتا ہے۔ بسا اوقات یہ ادویات معاملے کو سلجھانے میں ناکام رہتی ہیں اور پھر مزید پیچیدگیوں سے بچاو کیلئے سرجری کی جاتی ہے۔ ان پیچیدگیوں میں پس پڑنا، پاخانے کے رستے خون آنا اور آنت کا پھٹ جانا شامل ہیں جو تمام جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہیں۔ 
 
اگر آپ ڈائیورٹیکولوسیس کا شکار ہیں تو آپ کو اس بیماری کو شدت اختیار کرنے سے بچاو کے بنیادی اصول پتہ ہونے چاہییں۔ سب سے اہم چیز قبض سے حتی الامکان بچاو کیلئے مناسب اقدامات اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ روزانہ ورزش، 30۔20 گرام فائبر کا روزانہ استعمال اور پانی کا بھرپور استعمال قبض کشا ثابت ہو سکتا ہے۔ پھل، سبزیاں، چاول، پھلیاں اور اناج فائبر سے بھرپور اشیاء میں سے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بیج، خشک میوہ جات اور مکئی وغیرہ سے بھی گریز کرنا چاہیے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ چھوٹی چھوٹی اشیاء ہی ڈائیورٹیکولم میں پھنس کر سوزش کا باعث بنتی ہیں۔ 
قصہ مختصر یہ کہ ہم اپنی خوراک میں فائبر اور پانی کے بھرپور استعمال اور چند اشیاء سے گریز کر کے اس بیماری کو نہ صرف شدت اختیار کرنے سے بچا سکتے ہیں بلکہ اس سے ہماری صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے

Recommended Packages

Uzair Arshad

Uzair is a medical student of the penultimate year of MBBS in Allama Iqbal Medical College, Lahore. He is always interested in making things easy that are relatively difficult. Exploration is another catchy half and reading is a cup of tea.